کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل سن کر ان کا بروقت اور پائیدار حل یقینی بنانا ہے، اسسٹنٹ کمشنر جیوانی

جمعہ 31 جولائی 2026 20:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق علی کی زیر صدارت گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوہ سر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں اکڑا بریگیڈ کے نمائندے، چیئرمین میونسپل کمیٹی جیوانی اکرم حیات، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جیوانی زاہد حسین، پولیس، صحت، کیسکو، ریونیو، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندگان کے علاوہ عوامی نمائندوں، کونسلرز، چیئرمین حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کے مطابق عوام کو فوری، شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل براہِ راست سن کر متعلقہ اداروں کے ذریعے ان کا بروقت اور پائیدار حل یقینی بنانا ہے۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے سکیورٹی انتظامات اور سڑکوں کی بندش کے اوقات، پیدائش و وفات کے سرٹیفکیٹس کے اجرا، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، رورل ہیلتھ سینٹر جیوانی کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، غیر قانونی ٹرالنگ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور منشیات فروشی سمیت متعدد اہم عوامی مسائل اجاگر کیے۔فورم کو آگاہ کیا گیا کہ رورل ہیلتھ سینٹر جیوانی کی مرمت و بحالی کے لیے 28 ملین روپے منظور ہوچکے ہیں اور ٹینڈر کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، جس کی تکمیل سے صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

پینے کے پانی کی قلت کے مسئلے پر فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے متعلقہ افسران کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرکے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ میونسپل کمیٹی جیوانی کو پیدائش و وفات کے اندراج کے کمپیوٹرائزڈ نظام (CRSM) کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت دی گئی۔جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں، جن میں بی ایچ یو بندری، فٹبال گراؤنڈ جیوانی، گبد مڈل اسکول اور مختلف تعلیمی اداروں کی چار دیواریوں کی تعمیر شامل ہے، ان کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جیوانی نے متعلقہ انجینئرز اور ٹھیکیداروں کے ہمراہ منصوبوں کا مشترکہ معائنہ کرنے اور پی سی ون کے مطابق کام کی رفتار اور معیار یقینی بنانے کا اعلان کیا۔

ماہی گیر برادری کی جانب سے غیر قانونی ٹرالنگ پر شدید تحفظات کے اظہار کے بعد محکمہ فشریز کو ہدایت کی گئی کہ ممنوعہ علاقوں میں غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سمندری وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔بازاروں میں ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کی شکایات پر سب ڈویژن جیوانی میں پرائس کنٹرول کمیٹی قائم کرنے، اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور باقاعدہ مارکیٹ انسپکشن کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی گئی کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔