رحیم یارخان: غیرت کے نام پر بہن کا قتل، حادثہ قرار دینے کی کوشش ناکام، باپ بیٹا گرفتار

شادی سے انکار پر 21 سالہ عائشہ ثمر قتل، پولیس نے شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا

جمعہ 31 جولائی 2026 21:10

رحیم یارخان: غیرت کے نام پر بہن کا قتل، حادثہ قرار دینے کی کوشش ناکام، ..
رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی 2026ء) بھائی نے غیرت کے نام پر فائر مارکر بہن کو موت کے گھاٹ اتاردیا‘ والدین کی جانب سے واقعہ کوحادثہ قراردیکر میت دفن کرنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی‘ باپ اوربیٹا گرفتار‘ پولیس نے سب انسپکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثائ کے حوالے کردی۔

تفصیل کے مطابق گذشتہ سے پیوستہ روز توحید آباد کوٹ سمابہ کے علاقہ میں بندوق کے فائر سے 21 سالہ دوشیزہ عائشہ ثمر کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا تھا جس میں ورثاء کی جانب سے ظاہر کیا گیا کہ باپ ثمراقبال گھر میں بندوق صاف کررہاتھا کہ اچانک فائر ہونے سے بیٹی عائشہ ثمر کو جالگا جس سے وہ جاں بحق ہوگئی۔
ورثاء نے فوری طور پر عائشہ ثمر کی تدفین کرنے کی کوشش کی تاہم اسی دوران اہل علاقہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی اور عائشہ ثمرکی ہلاکت پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا گیا جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولہ عائشہ ثمر کی تدفین روک دی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ورثاء سے حقائق معلوم کئے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوگیا کہ مقتولہ عائشہ کی شادی ورثاء زبردستی کرنا چاہتے تھے جبکہ عائشہ شادی سے انکار کررہی تھی جس پر مقتولہ عائشہ کے بھائی محمداحمد نے فائرنگ کرکے بہن کو قتل کردیا جس پر پولیس نے باپ ثمراقبال‘ بیٹے احمد اور مقتولہ کی والدہ کو حراست میں لے لیا جنہوں نے واقعہ کوچھپانے کی کوشش کی۔ پولیس نے سب انسپکٹر لیاقت علی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردی۔