الیکشن کمیشن کا کام ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے

الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج، بیلٹس اور انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے رکھے، بلاول بھٹو کا 2 اگست سے پہلے دھاندلی سے متعلق شکایات کی سماعت کرنےکا مطالبہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 اگست 2026 00:10

الیکشن کمیشن کا کام ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں بلکہ عوام کے ووٹ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 31 جولائی 2026ء ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے 2 اگست سے پہلے دھاندلی سے متعلق شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج، بیلٹس اور انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے رکھے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں ہے بلکہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔

الیکشن کمیشن 2 اگست سے پہلے دھاندلی سے متعلق شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے۔ کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کی کریڈیبلٹی کا فیصلہ پہلے مرحلے میں انصاف سے ہوگا۔ الیکشن کمیشن دو اگست سے پہلے دھاندلی سے متعلق تمام شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج، بیلٹس اور انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے رکھے۔

الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں ہے بلکہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔ ہمیں کسی کا احسان نہیں بلکہ ہمیں ہمارا حق چاہئیے۔ ہمیں صرف صاف و شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات چاہئیں۔ مزید برآں پاکستان پیپلزپارٹی نے وادی کشمیر کو جنتِ بینظیر بنانے کے حوالے سے اہم ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں وادی کشمیر کو جنتِ بینظیر بنانا چاہتا ہوں، جنتِ بینظیر محض ایک نعرہ نہیں بلکہ اس کا مطلب ایک ایسا کشمیر ہے جہاں امن، انصاف اور خوشحالی ہو۔

جہاں کشمیر کے وسائل پر پہلا حق کشمیر کے عوام کا ہو۔ ہر نوجوان کو روزگار ملے، اور کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام خود کریں۔ میرا یہ خواب حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار کے تین حقوق کی بنیادوں پر کھڑا ہے، دو اگست کو تیر پر مہر لگائیں، وادی کشمیر کو جنتِ بینظیر بنائیں۔ مظفرآباد کے جلسے میں عوام نے موسلا دھار بارش کے دوران جس حوصلے اور جذبے کا مظاہرہ کیا، میں اس پر آپ کو دل سے سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ نے پورے کشمیر کو پیغام دیا ہے کہ مظفرآباد اپنے حقوق لینے کے لئے تیار ہے۔ مظفرآباد والوں! دو اگست کو اسی جذبے کے تحت باہر نکلیں، تیر پر مہر لگائیں، حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار کے لئے، کیونکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کرے گا۔