راولپنڈی ،اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند

ْضلعی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ،واسا سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا

ہفتہ 1 اگست 2026 01:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2026ء) راولپنڈی اور اسلام آباد میں جمعہ کی صبح سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور واسا سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 9 فٹ ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد گوالمنڈی پر پری الرٹ نافذ کر دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق کٹاریاں پر پانی کی سطح 11.4 فٹ تک پہنچنے پر پری الرٹ جاری کیا جائے گا، جبکہ نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔شدید بارش کے باعث صادق آباد، ڈھوک کھبہ، ڈھوک الہی بخش، آریہ محلہ، ندیم کالونی، پیرودھائی، فوجی کالونی، ڈھوک حسو اور پیپلز کالونی سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں تین سے چار فٹ تک پانی جمع ہوگیا، جبکہ کئی گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی چوک، کچہری چوک، رحیم آباد انڈر پاس، مری روڈ، مال روڈ، پشاور روڈ، صدر اور دیگر اہم شاہراہوں پر بھی پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں بھی شدید بارش کے بعد متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گلیاں اور سڑکیں زیرِ آب آنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے جبکہ گھروں میں پانی داخل ہونے سے گھریلو سامان کو بھی نقصان پہنچا۔

متاثرہ مکینوں کے مطابق ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے، تاہم آج تک اس مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے تاحال امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی جا سکیں۔دوسری جانب راولپنڈی کے مصریال روڈ، فرینڈز کالونی میں بارش کے دوران ایک بچہ نالے میں ڈوب گیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ بچہ کھیلتے ہوئے نالے میں گر کر ڈوب گیا تھا۔ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان نے بتایا کہ بارش کے پیش نظر واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، صادق آباد اور دیگر حساس مقامات پر تعینات ہے۔

فیلڈ افسران نکاسی آب کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نالوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں، مین ہولز کے ڈھکن نہ کھولیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جڑواں شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ ادارے الرٹ رہنے کی ہدایت پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔