خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر کاPPIC3 کا دورہ،جدید پولیسنگ اورخواتین کے تحفظ کے نظام کوسراہا

جمعہ 7 اگست 2026 15:34

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق کے ہمراہ پنجاب پولیس انٹیگریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر(PPIC3) ملتان کا دورہ کیا،جہاں انہیں جدید ڈیجیٹل پولیسنگ، عوامی تحفظ اور ایمرجنسی رسپانس سسٹمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ترجمان کے مطابق وفد نے انٹیلیجنٹ سرویلنس سسٹمز، مربوط ایمرجنسی رسپانس میکانزم، جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کو محفوظ، بروقت اور آسان رسائی کے ذریعے قانونی رہنمائی، شکایات کے اندراج اور فوری امداد کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پنجاب پولیس کی خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے جدید سکیورٹی نظام اور عوام دوست پولیسنگ کو محفوظ اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے اہم قراردیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام دوست اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت جدید، محفوظ اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ پنجاب کی تعمیر کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی، ان کی خودمختاری اور معاشرے میں فعال کردار کے فر وغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون خواتین کے تحفظ،اعتماد اور بااختیار معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔