لاہور میٹرو بس سروس بند ہونے کا خدشہ وقتی طور پر ٹل گیا

آپریٹر کمپنی ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان سروس بحال رکھنے پر اتفاق

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اگست 2026 12:16

لاہور میٹرو بس سروس بند ہونے کا خدشہ وقتی طور پر ٹل گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2026ء) لاہور میٹرو بس سروس بند ہونے کا خدشہ وقتی طور پر ٹل گیا، آپریٹر کمپنی ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان سروس جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس معمول کے مطابق بحال رہے گی جبکہ کمپنی کے مالی اور دیگر مطالبات کے حل کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، جنرل منیجر آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ نے بتایا کہ ویڈا کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور دونوں فریقین کے درمیان معاملات طے کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو میٹرو بس سروس کی بندش کے حوالے سے فی الحال پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، سروس بدستور جاری رہے گی، ویڈا کے مالی سمیت دیگر مطالبات پر بھی تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ مسئلے کا قابلِ عمل حل نکالا جا سکے، اس سلسلے میں ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے، جن میں کمپنی کے مطالبات کے حوالے سے اہم پیشرفت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل ویڈا کی جانب سے مالی معاملات اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے تحفظات کے باعث لاہور میں میٹرو بس سروس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، جس کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جا رہی تھی، تاہم اب دونوں فریقین کے درمیان سروس جاری رکھنے پر اتفاق کے بعد فوری طور پر بندش کا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔ اس ضمن میں حکام نے بتایا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ویڈا کے مطالبات کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لاہور کے شہریوں کو بلاتعطل اور بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے، آج ہونے والے مذاکرات میں معاملات کے حتمی حل کے حوالے سے مزید صورتحال واضح ہونے کا امکان ہے۔