فزیوتھراپی ڈاکٹرز کو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے برابر ہاؤس جاب معاوضہ دینے کا حکم

جمعرات 13 اگست 2026 16:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) سندھ ہائیکورٹ میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز آف فزیوتھراپی کو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے برابر تنخواہ دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل قاضی علی اطہر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ میں فزیوتھراپی ڈاکٹرز کے لیے ایم بی بی ایس کی طرح پانچ سالہ تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے اور پانچ سالہ تعلیم کے بعد ہاؤس جاب بھی لازمی ہے۔

وکیل نے کہا کہ فزیوتھراپی کے گریجویٹ کو ڈاکٹر آف فزیوتھراپی قرار دیا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود گزشتہ 9 سال سے ہاؤس جاب کے دوران انہیں کوئی معاوضہ نہیں دیا جارہا۔ یہ تعلیم یافتہ افراد سے بلا معاوضہ کام لینے کے مترادف اور آئین کے آرٹیکل 11 کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کو ہاؤس جاب کے دوران 69 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے جناح اسپتال انتظامیہ کو فزیوتھراپی ڈاکٹرز کو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے برابر تنخواہ دینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سندھ حکومت کو ہاؤس جاب کرنے والے فزیوتھراپی ڈاکٹرز کو ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے برابر معاوضہ ادا کرنے کے لیے مستقل پالیسی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈاکٹر سمیہ قاضی سمیت 53 فزیوتھراپی ڈاکٹرز کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔