پشاور ہائی کورٹ میں یومِ آزادی کے موقع پر پپرچم کشائی کی تقریب منعقد

جمعہ 14 اگست 2026 14:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) پشاور ہائی کورٹ میں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے قومی پرچم لہرایا اور قانونی برادری سمیت قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔تقریب میں ہائی کورٹ کے معزز ججز، سابق ججز، پرنسپل اسٹاف افسران، خیبرپختونخوا بار کونسل، پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ پیش کیا۔ روایتی قومی لباس میں ملبوس بچوں نے تقریب کو مزید خوبصورت بنا دیا۔اس موقع پر چیف جسٹس جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ آزادی کا حقیقی مفہوم ایسے غیر جانب دار، قابلِ رسائی اور ترقی پسند نظامِ انصاف میں ہے جو ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ تیز رفتار، شفاف اور شہریوں کو مرکز میں رکھنے والے انصاف کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی اور جدت کو فروغ دے رہی ہے اور روایتی عدالتی طریقہ کار سے آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی اصلاحات میں شمولیت، رسائی، ادارہ جاتی دیانت داری اور قانون کی حکمرانی کو بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ ججز، وکلا اور عدالتی عملے کو مسلسل بہتری کی سوچ اپنانا ہوگی، تاہم عدالتی آزادی اور قانونی تقاضوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشاور ہائی کورٹ آئین کے تحت مساوات، شہری وقار، بنیادی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے مطابق آزاد، غیر جانب دار، جامع اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ نظامِ انصاف کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی اور قانونی برادری سمیت قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔