مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 :پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 19 اگست سے واہ کینٹ میں شروع ہوگا

پیر 17 اگست 2026 19:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) چین میں منعقد ہونے والے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 میں قومی جونیئر مینز ہاکی ٹیم کی شرکت کے سلسلے میں تربیتی کیمپ 19 اگست سے پی او ایف ہاکی سٹیڈیم واہ کینٹ میں شروع ہوگا۔ تمام کھلاڑیوں کو 19 اگست کی شام 4 بجے رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف ) کی ہدایات کے مطابق صرف وہی کھلاڑی جونیئر مینز ایونٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2006 یا اس کے بعد کی ہے۔

عمر کی حد سے متعلق ایشین ہاکی فیڈریشن کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے پاکستان کے باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں کو ایشیائی سطح کے اعلیٰ ترین مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کے لوہا منوانے اور قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔