قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے گرلز ہاسٹلز کا دورہ

بدھ 19 اگست 2026 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2026ء) قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے گرلز ہاسٹلز کا دورہ کیا اور عمارات کی فوری مرمت، تزئین و آرائش اور ضروری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وائس چانسلر نے پرووسٹ اور ہاسٹل وارڈنز کے ہمراہ مختلف ہاسٹلز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف ورکس، ڈائریکٹوریٹ آف سٹیٹ اینڈ ہارٹیکلچر، کمپیوٹر نیٹ ورک سیل اور ورکشاپ کے افسران و عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے ہاسٹلز کے داخلی و خارجی راستوں پر بائیومیٹرک نظام اور حفاظتی کیمروں کی تنصیب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہاسٹل عمارات کی فوری مرمت اور تزئین و آرائش کے کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وائس چانسلر نے گرلز ہاسٹلز میں مہمانوں کے لیے کمرے کی تعمیر کی بھی ہدایت کی جبکہ انٹرنیٹ کی رفتار، رابطے اور کوریج سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ضروری تعمیراتی، مرمتی اور سہولتی کام نئے تعلیمی سمسٹر کے آغاز سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ طالبات کو بہتر، محفوظ اور معیاری رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :