وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ اجلاس

پنجاب کے پانچ اضلاع اٹک، جہلم، چکوال، ملتان اور جھنگ میں موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم فعال،اوور لوڈنگ کے خلاف کاروائیاں جاری وزیراعلی پنجاب کے وژن کے تحت اوور لوڈنگ کی روک تھام، سڑکوں کی پائیداری اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا رہا ہے ‘صوبائی وزیر

جمعرات 20 اگست 2026 01:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور چیف انجینئرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کو موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے پانچ اضلاع اٹک، جہلم، چکوال، ملتان اور جھنگ میں موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم فعال ہے اور موبائل ویٹ اسٹیشنز پر اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بھاری گاڑیوں کے ایکسل لوڈ کی باقاعدگی سے جانچ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ اوور لوڈنگ کے باعث سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانا موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کا بنیادی مقصد ہے۔

موبائل ویٹ اسٹیشنز کے ذریعے اوور لوڈنگ پر قابو پانے سے سڑکوں پر حادثات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات کو موبائل ویٹ اسٹیشنز پر تعینات عملے کی تربیت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پنجاب کے پانچوں موبائل ویٹ اسٹیشنز پر مطلوبہ آلات اور ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ موبائل ویٹ اسٹیشنز کا عملی نفاذ کیا گیا ہے جنہیں ضرورت کے مطابق مختلف شاہراہوں پر منتقل کیا جا سکے گا۔ موبائل ویٹ اسٹیشنز ان شاہراہوں پر تعینات کیے جا رہے ہیں جہاں سے بھاری ٹرانسپورٹ پنجاب کے مختلف علاقوں تک جاتی ہے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ موبائل ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم اوور لوڈنگ کے مثر تدارک اور پنجاب کی سڑکوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

موبائل ویٹ اسٹیشنز کا قیام وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سڑکوں کے تحفظ اور ٹریفک سیفٹی کے لیے اہم اقدام ہے۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے تحت اوور لوڈنگ کی روک تھام، سڑکوں کی پائیداری اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔