ٹنڈو جام کے سرکاری اسکول میں بنیادی سہولتوں کا فقدان، محتسب اعلیٰ کا اظہارِ برہمی

سراج الحق ہائی اسکول میں پینے کا پانی، صاف باتھ روم، صفائی اور بجلی کے متبادل انتظامات موجود نہیں، حاضری بھی انتہائی کم نکلی

جمعرات 20 اگست 2026 20:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآباد سید سجاد حیدر شاہ نے گورنمنٹ سراج الحق ہائی اسکول ٹنڈو جام کا دورہ کیا، اور اسکول کی عمارت، تدریسی ماحول، انتظامی امور اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کر کے تعلیمی معیار، تدریسی طریقہ کار اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے حلقہ انتخاب ٹنڈو جام میں واقع اس اسکول میں طلبہ کے لئے پینے کے صاف پانی کی بنیادی سہولت بھی موجود نہیں تھی، جس پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب حیدرآباد سید سجاد حیدر شاہ نے سخت تشویش کا اظہار کیا، اسی طرح باتھ رومز کی حالت انتہائی خراب اور ناقابلِ اطمینان بخش پائی گئی، طلبہ کے لئے صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات بھی موجود نہیں تھے، بجلی کی فراہمی میں تعطل کی صورت میں طلبہ و اساتذہ کو سہولت فراہم کرنے کے لئے نہ سولر سسٹم تھا اور نہ ہی جنریٹر کا کوئی مناسب انتظام موجود پایا گیا۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر نے ان بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں طلبہ کے لئے پینے کا پانی، صاف ستھرے اور قابلِ استعمال باتھ رومز اور بجلی کا متبادل انتظام بنیادی ضروریات میں شامل ہیں، جن سے طلبہ کو محروم رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر کے یہ بھی مشاہدے میں آیا کہ انرولڈ طلبہ کی تعداد کے مقابلے میں حاضری انتہائی کم تھی، 35 سے زائد اساتذہ اور دیگر عملے کی موجودگی کے باوجود طلبہ کے تناسب سے مؤثر تدریسی نظام اطمینان بخش نہیں پایا گیا۔

ریجنل ڈائریکٹر نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پینے کے پانی، باتھ رومز، بجلی کے متبادل انتظام اور تدریسی نظام سمیت تمام بنیادی مسائل کے فوری حل کے لئے ٹھوس اور قابلِ عمل اقدامات کئے جائیں، انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور تعلیمی معیار میں بہتری کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ان اقدامات کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں دورے کے اختتام پر چیف ہیڈ ماسٹر، اساتذہ اور انتظامی عملے کے ساتھ ایک آگاہی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں صوبائی محتسب سندھ کے ادارے کے اغراض و مقاصد، عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ? کار اور آن لائن شکایت درج کرانے کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیشن کے دوران شرکائ کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے اور اس امر پر زور دیا گیا کہ صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق سرکاری اداروں میں شفافیت، انتظامی بہتری، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور طلبہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔