بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، عظمی خان

عمران خان نے بتایا قید تنہائی کی وجہ سے اینزائٹی ہو گئی ہے، بلڈ پریشر کی مسلسل شکایت رہتی ہے، بات نہیں سنی جاتی، کسی شخص کو قریب نہیں جانے دیا جاتا، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 اگست 2026 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمی خان نے کہا ہے عمران خان نے اپنی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، بانی نے بتایا قید تنہائی کی وجہ سے اینزائٹی ہو گئی ہے، بلڈ پریشر کی مسلسل شکایت رہتی ہے، بات نہیں سنی جاتی، کسی شخص کو قریب نہیں جانے دیا جاتا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمی خان نے کہا ہے کہ انہیں گزشتہ رات اڈیالہ سے پمز اسپتال لے جایا گیا، وہ کمرے میں پہنچیں تو بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے سے موجود تھے، خیال تھا کہ پمز سے شفا اسپتال لے جائیں گے مگر صبح بانی کو واپس اڈیالہ منتقل کر دیا گیا۔

عظمی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، قید تنہائی کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کو اینزائٹی ہو گئی ہے، بلڈ پریشر کی مسلسل شکایت رہتی ہے، بانی کی بات نہیں سنی جاتی، کسی شخص کو ان کے قریب نہیں جانے دیا جاتا۔بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ رات کو اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال پہنچے، جہاں تین گھنٹے انتظار کروایا گیا، صبح ساڑھے چار بجے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال نہیں لایا جائے گا اور وہ پمز اسپتال سے واپس اڈیالہ جا چکے ہیں۔