بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے صورتحال اطمینان بخش ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

جمعہ 21 اگست 2026 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے صورتحال اطمینان بخش ہے، کسی بھی انسان کی صحت اور زندگی تمام تر چیزوں سے بڑھ کر اہم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صحت کے معاملے کو سیاسی نعرے بازی یا سنسنی خیزی کے بجائے ذمہ داری اور حقیقت پسندی سے دیکھا جائے، حقائق کی تصدیق کیے بغیر سیاسی بیانیہ بنانا مناسب نہیں ہے، صحت جیسے نازک معاملے کو افواہوں اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے عوام میں بے چینی پھیلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ رویے اور قیاس آرائیوں سے خود سیاست کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچتا ہے، سیاسی اختلاف اور محاذ آرائی اپنی جگہ، مگر کسی کی صحت کو سیاسی مفادات کی جنگ نہ بنایا جائے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عوام کو خوف اور افواہوں کے بجائے مستند معلومات فراہم کرنا ہی سنجیدہ قیادت کا تقاضا ہے۔