یاد سے شفاء: اقوام متحدہ کا دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت

یو این ہفتہ 22 اگست 2026 10:00

یاد سے شفاء: اقوام متحدہ کا دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 22 اگست 2026ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایسے معاشروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے جہاں تمام مذاہب کے پیروکار امن و سکون سے زندگی گزار سکیں اور اپنے عقائد پر آزادی سے عمل کرنے کے قابل ہوں۔

مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے متاثرین کی یاد میں 22 اگست کو منائے جانے والے عالمی دن سے قبل اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مذہبی وابستگی کی بنیاد پر خونریزی کا سلسلہ اب بھی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

اس نوعیت کے واقعات انسانی حقوق اور انسانی وقار کی صریح خلاف ورزی ہیں جنہیں روکنا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔

قبل ازیں، سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد میں آج منائے گئے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ آن لائن تقریب کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یاد رکھنا، زخموں کے اندمال اور نئی زندگی کی طرف بڑھنے کا راستہ ہے۔

(جاری ہے)

انسان متحد رہ سکتے ہیں اور انہیں متحد رہنا ہی چاہیے۔

دہشت گردی کو لوگوں کے مابین تقسیم پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے۔

زخموں کے اندمال کا ذریعہ

اس تقریب میں دہشت گردی کے متاثرین اور ایسے واقعات میں زندہ بچ جانے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ 'یاد اندمال کا ذریعہ ہے' امسال اس دن کا خاص موضوع تھا۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد دہشت گردی کے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل الیگزینڈر زویف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی طور پر متاثرین کو یاد کرنا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا انتہائی موثر عمل ہے، تاہم اسے احتیاط کے ساتھ انجام دیا جانا چاہیے۔

زویف نے وضاحت کی کہ موجودہ ڈیجیٹل ماحول میں یہ احتیاط اور بھی ضروری ہو گئی ہے کیونکہ ذرائع ابلاغ میں بڑھتے ہوئے تذکرے کے باعث دہشت گردی کے متاثرین کو بعض اوقات آن لائن بدسلوکی، ہراسانی اور نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔