چین میں 5 سالہ بچی نے 50 گرام سونے کا بار نگل لیا

اتوار 23 اگست 2026 18:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2026ء) چین کے شمالی علاقے میں 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے غلطی سے 50 گرام وزنی سونے کا بار نگل لیا، جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بیجنگ چلڈرنز ہسپتال کے مطابق بچی نے 4 سینٹی میٹر لمبا سونے کا بار نگل لیا تھا اور تقریباً 6گھنٹے بعد اسے ہسپتال لایا گیا، ایکسرے میں سونے کا بار بچی کے معدے میں موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق سونے کا بار سخت اور وزنی ہونے کے ساتھ ہموار سطح کا حامل تھا جس کے باعث نظامِ ہاضمہ میں پھنسنے اور معدے کی اندرونی جھلی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا، اس کے نتیجے میں معدے میں سوراخ اور شدید خون بہنے جیسی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی تھیں۔رپورٹ کے مطابق بچی نے گھر میں کھیلتے ہوئے سونے کا بار نگل لیا تھا، اہل خانہ اسے ہسپتال لانے سے قبل کئی کلینکس میں لے گئے، تاہم وہاں اس کو فوری طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے نکالنے کی سہولت موجود نہیں تھی۔

(جاری ہے)

ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی کے ذریعے سونے کا بار نکالنے کا فیصلہ کیا، طبی ٹیم نے انتہائی احتیاط سے اسنیر کی مدد سے بار کو پکڑا اور چند ہی منٹ میں اسے بحفاظت اور مکمل حالت میں معدے سے نکال لیا۔ہسپتال کے مطابق بچی کی حالت اب بہتر ہے اور اس کی تمام اہم جسمانی علامات مستحکم ہیں۔

متعلقہ عنوان :