پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے وفد کا فلپائن قونصلیٹ جنرل دبئی کا دورہ

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعہ 28 اگست 2026 17:21

پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے وفد کا فلپائن قونصلیٹ جنرل دبئی کا دورہ
پاکستان بزنس کونسل شارجہ (PBCS) کے وفد نے دبئی میں فلپائن کے قونصلیٹ جنرل کا دورہ کیا، جہاں متحدہ عرب امارات میں فلپائن کے قونصل جنرل عزت مآب امبروسیو برائن ایف۔ اینسیسو III اور فلپائن کے ٹریڈ کمشنر وائیکل اینجیلو ڈی روئرنگ سے ملاقات کی گئی۔
وفد کی قیادت پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے سینئر وائس چیئرمین سید سلیم اختر نے کی، جبکہ وفد میں ڈائریکٹر میڈیا خاور حسین، صدر ایونٹس شفیق الرحمٰن، ایگزیکٹو ممبران ڈاکٹر ظفر طاہر اور سید آصف زمان شامل تھے۔


ملاقات کے دوران پاکستانی اور فلپائنی کاروباری برادریوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، باہمی تعاون اور کاروباری شراکت داری کے فروغ سمیت نئے معاشی مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستانی اور فلپائنی کاروباری رہنماؤں کے درمیان بی ٹو بی ملاقاتوں کے انعقاد میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا گیا، تاکہ کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط اور تجارت و سرمایہ کاری کے عملی مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)


اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے وفد نے شارجہ کی بڑھتی ہوئی کاروباری و سرمایہ کاری اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور پاکستان، فلپائن اور متحدہ عرب امارات کی وسیع مارکیٹ میں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
سید سلیم اختر نے کہا کہ کاروباری رہنماؤں کے درمیان مضبوط روابط نئے مواقع پیدا کرنے اور مشترکہ اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ اس رابطے کو پاکستان اور فلپائن کی کاروباری برادریوں کے درمیان مضبوط تعلقات اور مستقبل میں مؤثر اقتصادی تعاون کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔