مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیں، رخشندہ منیب

عوام خصوصاً خواتین کیلئے مہنگائی نے زندگی مشکل بنادی، احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کی جائے گی، ناظمہ صوبہ

ہفتہ 29 اگست 2026 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2026ء) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ رخشندہ منیب کی زیر صدارت اضلاع کا ماہانہ آن لائن رپورٹنگ اجتماع منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر کی ناظمات اور صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال، بڑھتی ہوئی مہنگائی، جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی تحریک اور اضلاع کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

رخشندہ منیب نے کہا کہ مہنگائی نے عوام خصوصاً خواتین کیلئے زندگی مشکل بنادی ہے جبکہ حکومت عوامی مشکلات کے حل کے بجائے بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور عوام پر بڑھتے معاشی بوجھ کے خلاف ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کی کال دی گئی ہے، جس کا حلقہ خواتین بھرپور ساتھ دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا دائرہ صوبائی دارالحکومتوں سے نکل کر بڑے شہروں تک پھیل چکا ہے۔ اضلاع کی ماہانہ رپورٹنگ بھی اہم ہے، کیونکہ ماہانہ رپورٹ محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ تنظیمی کارکردگی کا آئینہ ہے۔ناظمہ صوبہ نے کہا کہ تمام اضلاع کی دعوتی، تنظیمی، تربیتی، عوامی رابطہ اور نشرواشاعت کی سرگرمیوں کی بروقت، جامع اور اصولی رپورٹ پیش کرنے سے کارکردگی کا درست جائزہ لینے اور آئندہ کی منصوبہ بندی کو مؤثر بنانے میں مدد ملتی ہے۔اجلاس میں ملکی حالات کے تناظر میں عوامی رابطے کو مزید مضبوط بنانے، جماعت اسلامی کی احتجاجی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت اور تنظیمی امور میں تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔