اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن، اشتہاریوں اور عدالتی مفروران سمیت 58 جرائم پیشہ عناصر گرفتار

ہفتہ 29 اگست 2026 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2026ء) اسلام آباد پولیس کا جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے مؤثر کریک ڈاؤن جاری، سنگین جرائم میں ملوث عدالتی مفروران اور اشتہاری مجرمان سمیت 58 جرائم پیشہ عناصر گرفتار کرلیے گئے، ملزمان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کی مختلف ٹیموں نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 29 ملزمان کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار 173 گرام آئس، 525 گرام ہیروئن، 115 گرام چرس، 25 بوتل شراب، ایک رائفل اور مختلف بور کے 16 پستول معہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مجرمان اشتہاری، سابقہ ریکارڈ یافتہ اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران مزید 29 مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ اسلام آباد پولیس کی ’’نو ٹو ویپن‘‘ مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ سابقہ ریکارڈ یافتہ، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق متعلقہ تھانہ یا ایمرجنسی ہیلپ لائن ’’پکار‘‘ 15 پر فوری اطلاع دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک کیا جاسکے۔