وزیر دفاع اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب کا سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کی ری ویمپنگ و اپ گریڈیشن کا افتتاح

ہفتہ 5 ستمبر 2026 13:28

وزیر دفاع  اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب کا سوشل سکیورٹی ہسپتال ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2026ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال، ڈسکہ روڈ سیالکوٹ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق، رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتحار اور گلناز شجاعت، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام طارق سبحانی، نوید اشرف، رانا عارف ہرنہ، شکیلہ آرتھر، سیکرٹری سوشل سکیورٹی دانش افتحار، کمشنر پیسی ڈاکٹر ذوالفقار کھرل، ڈی جی لیبر سیدہ کلثوم، گروپ لیڈر اتحاد فاؤنڈر شیخ ریاض الدین، مزدور نمائندگان اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن سیالکوٹ کے فیکٹری ورکرز اور ان کے خاندانوں کے لئے انتہائی اہم اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں لاکھوں افراد کا روزگار فیکٹریوں اور صنعتی شعبے سے وابستہ ہے، اس لئے مزدوروں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کا واحد شہر ہے جو عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس لئے صنعتی کارکنوں کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف منظم طریقے سے اقدامات کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایسا ناسور ہے جو پورے ملک میں سرایت کر چکا ہے، اس کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ حکومت صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں کینسر کے علاج کی سہولت میں اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ سیالکوٹ میں 500 بستروں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ہاٹ سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی برادری اور محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی جدید، معیاری اور بروقت سہولیات میسر ہوں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انہیں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سوشل سکیورٹی کے اداروں کو مزید موثر اور جدید بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود دراصل ملکی معیشت کی مضبوطی ہے اور حکومت صنعتی کارکنوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔