اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن، 23 جرائم پیشہ عناصر گرفتار،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے منشیات، شراب اور اسلحہ برآمد

جمعرات 3 ستمبر 2026 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) اسلام آباد پولیس نے جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے جاری مؤثر کریک ڈاؤن کے دوران سنگین جرائم میں ملوث عدالتی مفروران اور مجرمان اشتہاریوں سمیت 23 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے منشیات، شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد ہوا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کی ٹیموں نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 21 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 3,222 گرام آئس، 5,660 گرام چرس، 1,120 گرام ہیروئن، 127 بوتلیں شراب، ایک رائفل اور مختلف بور کے سات پستول معہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق مجرمان اشتہاری، سابقہ ریکارڈ یافتہ اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران دو مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ’’نو ٹو ویپن‘‘ مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ سابقہ ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق اپنے متعلقہ تھانہ یا ایمرجنسی ہیلپ لائن ’’پکار‘‘ 15 پر فوری اطلاع دیں، تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔