گزشتہ دو سالوں کے دوران 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں

دو ارب روپے وصول کرنے کے باوجود ابتک صوبے میں گیارہ لاکھ گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری نہیں کی جا سکیں غیر مسلموں کو شراب کے پرمٹ دینا غلط اقدام ہے شراب، اسلام، ہندومت اور مسیحیت میں ممنوع ہی: طارق گل کورم کی نشان دہی کی کورم مکمل نہ ہونے پر پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا

جمعرات 3 ستمبر 2026 22:25

oلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2026ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ دو سالوں کے دوران چار ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دو ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں جبکہ صوبائی محکمہ ایکسائز کے پارلیمانی سیکرٹری نے اسمبلی کاروائی کے دوران اعتراف کیا کہ دو ارب روپے وصول کرنے کے باوجود ابتک صوبے میں گیارہ لاکھ گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری نہیں کی جا سکیں۔

پینل آف چیر سمیع اللہ خان نے رکن اسمبلی کی غیر موجودگی میں سوال ملتوی کرنے کو متعلقہ رکن کی جانب سے جمع کروائی جانے والی درخواست سے مشروط کر دیا۔ پنجاب اسمبلی میں پینل آف چیرمین سمیع اللہ خان کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 57 منٹ تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں محکمہ ایکسائز و نارکوٹیکس کے حوالے سے وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری شہریار ملک نے ایوان کو بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کی شرح کا تعین پنجاب حکومت کرتی ہے، پراپرٹی ٹیکس وصولی کی شرح صوبے بھر میں یکساں ہے، پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ منڈی بہائوالدین میں منشیات کے خلاف 92 آپریشن کئے گئے جبکہ پنجاب میں منشیات کے خلاف 4 ہزار آپریشن کئے اور 2 ارب روپے سے زائد کی منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں پینل آف چئیرپرسن سمیع اللہ خان کی وقفہ سوالات کے دوران اہم رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ انکی بحثیت پینل آف چیر موجودگی میں صرف وہی سوال ملتوی ہوں گے جن کی درخواست پر فاضل ممبر کے دستخط ہوں گے، حکومتی رکن احسن رضا کی جانب سے شراب کی فروخت پر اٹھائے گئے سوال پر حکومتی اقلیتی رکن طارق گل نے کہا کہ غیر مسلموں کو شراب کے پرمٹ دینا غلط اقدام ہے کیونکہ شراب، اسلام، ہندومت اور مسیحیت میں ممنوع ہے۔

پنجاب میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر پوچھے گئے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ محکمے کی جانب دیا جانے والا جواب حقائق کے منافی ہے اور وہ غلط جواب پر ایوان سے معذرت خواہ ہیں، پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان۔ کو آگاہ کیا کہ 1.1 ملین گاڑیوں کی نمبر پلیٹس ابھی جاری نہیں ہوئیں جن کی مالیت 2 ارب سے زائد ہے۔

پوائینٹس آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی خاتون رکن نیلم جبار نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1131 دکانوں کی مسماری کے خلاف شہر میں بے چینی پائی جاتی ہے، اس معاملے پر کمیٹی بنائی گئی ہے کمیٹی کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا مسلم لیگ ن کے رکن امجد علی جاوید بھی دکانوں کی مسماری پر پیپلز پارٹی کے ہم آواز ہو گئے۔

حکومتی رکن طاہر پرویز توجہ دلائو نوٹسز کے جوابات نہ آنے اور وزراء کی عدم موجودگی پر شدید اعتراض کیا جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں عام شہریوں کوصحت کی بدترین سہولیات پراپوزیشن رکن زرناب شیرکی تحریک التوائے کار پر پینل آف چئیرپرسن سمیع اللہ خان نے صحت کے معاملہ پر ایوان میں ووٹنگ کروا دی۔ سرکاری کارروائی کے آغاز پر اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے کورم کی نشان دہی کی کورم مکمل نہ ہونے پر پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا