میرپور ڈویژن میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کی کال یکسر مسترد، کاروبارِ زندگی معمول کے مطابق جاری

بدھ 9 ستمبر 2026 22:05

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2026ء) میرپور ڈویڑن میں مجموعی طور پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 ستمبر کو دی گئی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال کو عوام اور تاجر برادری نے عملاً مسترد کر دیا۔ ضلع میرپور، ضلع کوٹلی اور ضلع بھمبر میں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں، بازار کھلے رہے جبکہ ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔

میرپور شہر میں نانگی، پرانیاں ہٹیاں، ایف ون، ایف ٹو، میگا مارٹ روڈ، چوک شہیداں، تھوتھال، کلیال اور پرانی چنگی سمیت مختلف علاقوں کے بازار اور کاروباری مراکز کھلے رہے۔ آٹو مارکیٹ، سبزی منڈی، کریانہ اسٹورز، مارٹس، ہوٹلز، ورکشاپس اور دیگر تجارتی مراکز میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں، جبکہ شہریوں کی آمدورفت بھی معمول کے مطابق رہی۔

(جاری ہے)

ضلع کوٹلی کے مختلف علاقوں میں بھی ہڑتال کی کال بے اثر رہی۔ نکیال، کھوئی رٹہ، سہنسہ اور چڑھوئی میں بازار کھلے رہے اور کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔ اسی طرح ضلع بھمبر میں بھی مکمل طور پر تجارتی مراکز کھلے رہے اور کاروبارِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہا۔میرپور ڈویڑن میں ہڑتال کی کال کے باوجود ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔

شہریوں کی جانب سے روزمرہ معمولات، کاروبار، خرید و فروخت اور آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث ڈویڑن بھر میں مجموعی طور پر معمولاتِ زندگی بحال اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔شہریوں اور تاجر برادری کا کہنا تھا کہ بار بار شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کی کال سے سب سے زیادہ نقصان عام شہری، مزدور، دیہاڑی دار، طلبہ اور کاروباری طبقہ اٹھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آئینی و قانونی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ عام شہری کے کاروبار، روزگار اور روزمرہ معمولات متاثر نہ ہوں۔عوامی حلقوں نے کہا کہ میرپور شہر اور بلخصوص ڈویڑن کی معاشی سرگرمیوں کا تسلسل نہ صرف تاجروں بلکہ مزدوروں، دیہاڑی داروں اور عام شہریوں کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویڑن میں کاروبارِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہا اور شہریوں نے اپنے روزمرہ معمولات کو ترجیح دی۔

شہریوں اور تاجر برادری نے حکومتِ آزاد کشمیر، انتظامیہ اور پولیس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی کو جاری رکھنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مؤثر اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ عوامی حلقوں نے قانون کی عمل داری اور پرامن ماحول برقرار رکھنے میں حکومتِ آزاد کشمیر، انتظامیہ اور پولیس کے کردار کو سراہا۔