کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے متبادل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، سید عاشق کرمانج

جمعہ 11 ستمبر 2026 21:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2026ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ گندم کی کاشت کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے، گندم کی منافع بخش کاشت اور بہتر پیداوار کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے،کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے متبادل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے جمعہ کو ملتان کا خصوصی دورہ کیا اور کپاس، گندم اور سموگ کنٹرول کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایم پی اے محمد سلمان نعیم، سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرلز نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول اور ڈاکٹر ساجد الرحمٰن، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر کسان کارڈ عبدالحمید، چیف ایگزیکٹو پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ ڈاکٹر عابد محمود، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی،سابق ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون،صدر کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر، ڈاکٹر خالد حمید، سید حسن رضا، ڈاکٹر محمد شفیق پتافی، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، سید جعفر شاہ، علی حیدر گردیزی، داؤد ارتضٰی،سہیل محمود ہرل سمیت کاشتکاروں اور محکمہ زراعت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کپاس کی موجودہ صورتحال، گندم کی آئندہ فصل کے لیے حکمت عملی اور سموگ کنٹرول مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کپاس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیداواری ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے اور گندم کی منافع بخش کاشت اور بہتر پیداوار کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لیے متبادل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ 450 جدید ہارویسٹرز اور 150 بیلرز بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں سموگ کنٹرول مہم کے حوالے سے سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے تحت جاری سموگ مہم کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سموگ کنٹرول مہم کی مؤثر نگرانی اور عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :