کراچی، گاڑی میں گولی چلنے کے نتیجے میں 12 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

بچوں کے کھیلنے کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ چل گیا، پولیس نے گاڑی سے گولی کا خول بھی برآمد کرلیا،واقعے کی تحقیقات جاری

پیر 14 ستمبر 2026 11:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2026ء) گلشن اقبال بلاک 16 میں گاڑی میں رکھے اسلحے سے اچانک گولی چلنے کے نتیجے میں 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد بچے گاڑی کے قریب کھیل رہے تھے، جبکہ کچھ بچے گاڑی کے اندر بیٹھ کر اسے آگے پیچھے بھی کررہے تھے۔ اسی دوران ایک بچہ سائیکل پر وہاں پہنچا اور دیگر بچوں کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر کھیلنے لگا۔

(جاری ہے)

کچھ دیر بعد تین بچے اچانک گاڑی سے نکل کر بھاگتے دکھائی دیے، جبکہ معلوم ہوا کہ سائیکل پر آنے والا بچہ گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ہے۔ واقعے کے چند سیکنڈ بعد بچے دوبارہ گاڑی کے قریب آئے، وہاں سے کوئی چیز اٹھائی اور فرار ہوگئے، جس کے بعد موقع پر لوگوں کا رش لگ گیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گاڑی میں بچے کے والد کا لائسنس یافتہ اسلحہ موجود تھا، جسے بچوں نے نکال لیا اور کھیل کے دوران اچانک گولی چل گئی، جو دوسرے بچے کو جا لگی۔پولیس نے گاڑی سے گولی کا خول بھی برآمد کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔