گلشن اقبال ٹاؤن میں سائن بورڈز کی فیس وصولی کے حقوق نیلام

نیلام عام کے بعد نور کارپوریشن کو ایڈورٹائزمنٹ ریکوری کا ٹھیکہ دے دیا گیا، ریونیو کے ذرائع مضبوط بناکر ٹاؤن کی آمدنی بڑھائی جائے گی، ڈاکٹر فواد احمد

پیر 14 ستمبر 2026 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2026ء) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال، ضلع شرقی کی حدود میں دکانوں کے سائن بورڈز، کمپنی بورڈز اور متحرک فولادی تختیوں کی فیس کی وصولی کے حقوق کا نیلام عام کونسل ہال میں منعقد ہوا، جس کے بعد متعدد بولیوں کے نتیجے میں نور کارپوریشن کو ایڈورٹائزمنٹ کی مد میں واجبات کی وصولی کا کام ایوارڈ کردیا گیا۔

نیلام عام سے قبل قواعد و ضوابط کے مطابق اخبارات میں اشتہارات شائع کیے گئے تھے، جس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت اوپن نیلامی کا انعقاد کیا گیا۔ نیلامی میں چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد، ایڈورٹائزمنٹ کمیٹی کے چیئرمین آصف عبدالکریم، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالرئیس، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ شہریار کھرل، سینئر اکاؤنٹ آفیسر جاوید علی ابڑو سمیت مختلف کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیلامی کے دوران مختلف کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے متعدد بولیاں دی گئیں، جس کے بعد نور کارپوریشن کو ایڈورٹائزمنٹ کی مد میں ریکوری کا ٹھیکہ دیا گیا۔ ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد دکانوں اور دیگر کاروباری اداروں کے سائن بورڈز سے متعلق فیس کی وصولی کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنانا ہے۔اس موقع پر چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ نیلام عام کا بنیادی مقصد ایڈورٹائزمنٹ کی مد میں واجبات کی وصولی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور منظم بنانا ہے۔

نیلامی کا تمام عمل شفاف اور کھلے طریقہ کار کے تحت مکمل کیا گیا ہے اور اس حوالے سے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مؤثر مالی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے ٹاؤن کے ریونیو ذرائع کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ محکمہ ایڈورٹائزمنٹ کے دستیاب اعدادوشمار اور ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکوری کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ ٹاؤن کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔

ڈاکٹر فواد احمد کا کہنا تھا کہ اضافی مالی وسائل کو شہریوں کی فلاح و بہبود، صفائی ستھرائی، بنیادی بلدیاتی سہولیات اور دیگر ترقیاتی و شہری منصوبوں پر خرچ کرنے میں مدد ملے گی۔ ریونیو وصولی کے نظام میں بہتری سے ٹاؤن کو اپنے وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت، میرٹ اور بہتر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے گلشن اقبال ٹاؤن کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عمل مزید بہتر بنایا جائے گا۔