2029 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی نیروبی کو ملنے کا خیرمقدم

کینیا نے میزبانی کی اس دوڑ میں سابق اولمپک میزبان شہروں لندن اور روم کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا

جمعرات 17 ستمبر 2026 14:22

2029 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی نیروبی کو ملنے کا خیرمقدم
نیروبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2026ء) ورلڈ ایتھلیٹکس کی جانب سے 2029 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی کینیا کے دارالحکومت نیروبی کو دینے کے تاریخی فیصلے کا پورے برصغیر افریقامیں پرجوش خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کینیا نے میزبانی کی اس دوڑ میں سابق اولمپک میزبان شہروں لندن اور روم کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا ہے جس کے بعد یہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا انعقاد افریقی سرزمین پر ہوگا۔

3 سال بعد منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ کے تمام مقابلے نیروبی کے 48,000 تماشائیوں کی گنجائش والے کسارانی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ایتھوپیا کے نامور ایتھلیٹ اور 2 بار کے اولمپک 10,000 میٹر چیمپئن ہائلے گبریسلاسی نے اس فیصلے کو پورے افریقاکے لیے ایک عظیم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے سے کینیا اور ایتھوپیا کے کھلاڑیوں کو جیت کا بہترین موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

2015 کے جیولن تھرو ورلڈ چیمپئن جولیئس ییگو نے کہا کہ یہ افریقاکے لیے ایک بڑا لمحہ ہے جس سے دنیا کو افریقی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگا اور اس سے افریقامیں اولمپکس جیسی میزبانی کے نئے خوابوں کو تعبیر ملے گی۔افریقاآنے والے سالوں میں متعدد بڑے بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جن میں سینیگال میں 31 اکتوبر سے 13 نومبر تک ہونے والے یوتھ اولمپکس، 2027 کا کرکٹ ورلڈ کپ (جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا) اور مراکش میں 2030 کا فیفا ورلڈ کپ شامل ہیں۔ افریقی سپورٹس سٹارز کے مطابق نیروبی میں اس عالمی مقابلے کا انعقاد ابھرتے ہوئے نوجوان ایتھلیٹس کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگا۔