پنجاب میں اے آئی کریکولم اور ٹریننگ انیشیٹو کا آغاز

1 لاکھ 60 ہزار سے زائد اساتذہ کو اے آئی کی تربیت دی جائیگی‘علی ڈار

ہفتہ 26 ستمبر 2026 18:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2026ء) پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کی جانب اہم پیش رفت، اے آئی کریکولم اور ٹریننگ انیشیٹو کا آغاز کر دیا گیا۔ پروگرام کے تحت پنجاب کے 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد اساتذہ کو اے آئی کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو تدریس اور طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار افتتاحی پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کے تعلیمی نظام کو اے آئی کے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ اے آئی کریکولم پنجاب میں تعلیم حاصل کرنے والے لاکھوں بچوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور نئے روزگار کے مواقع کے لیے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

علی ڈار نے کہا کہ 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد اساتذہ کی اے آئی تربیت پنجاب کے تعلیمی شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کی بنیاد بنے گی۔ اس تربیت کے ذریعے اساتذہ جدید اے آئی ٹولز کو تدریس میں ذمہ دارانہ اور مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے قابل ہوں گے۔علی ڈار نے کہا کہ اے آئی صرف ایک ٹیکنالوجی نہیں بلکہ مستقبل کی تعلیم اور روزگار کی بنیادی مہارت بن رہی ہے۔

نئے اے آئی کریکولم کا مقصد طلبہ میں ڈیجیٹل اور اے آئی مہارتیں پیدا کرنا اور انہیں مستقبل کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی تعلیم کو زیادہ مؤثر، جدید اور طلبہ کی ضروریات کے مطابق بنانے کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے، جبکہ ذمہ دارانہ اے آئی استعمال اور ڈیجیٹل مہارتوں کو پنجاب کے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔اس اقدام پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پیکٹا، پی ایم آئی یو-پی ای ایس آر پی، یونیسیف اور آفس آف اے آئی مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔