برائلر گوشت کے سرکاری نرخ برقرار، من مانے دام وصول

مرغی کا سرکاری ریٹ 476 روپے، دکاندار 580 روپے کلو بیچنے لگے

منگل 29 ستمبر 2026 23:10

برائلر گوشت کے سرکاری نرخ برقرار، من مانے دام وصول
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2026ء) مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے برائلر گوشت کی سرکاری قیمت مستحکم رکھی گئی ہے، تاہم شہر بھر میں گراں فروش دکانداروں کی جانب سے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور من مانے داموں پر گوشت کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 476 روپے فی کلو برقرار ہے، جبکہ زندہ برائلر کا تھوک ریٹ 314 روپے اور پرچون ریٹ 328 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس شہریوں کی جانب سے شدید شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ دکاندار سرکاری ریٹ پر گوشت فراہم کرنے کے بجائے صافی گوشت کے نام پر 580 روپے فی کلو تک وصول کر رہے ہیں۔شہریوں نے گراں فروشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹ لسٹ کی موجودگی کے باوجود زائد قیمتوں کی وصولی سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لے کر اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی 1 روپیہ فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کی سرکاری قیمت 263 روپے فی درجن اور انڈوں کی پیٹی کا تھوک ریٹ 7,770 روپے مقرر کیا گیا ہے۔