عمراحسن خان او آئی سی سی آئی کے صدرمنتخب

احمد زاہد ظہیر سینئر نائب صدر اور ڈاکٹر سید عامرعلی نائب صدر منتخب، نئی انتظامی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی

منگل 29 ستمبر 2026 23:42

عمراحسن خان او آئی سی سی آئی کے صدرمنتخب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2026ء) ڈاؤلینس پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر عمر احسن خان کو 2026-28 کے لیے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کا صدر منتخب کرلیا گیا۔اس بات کا اعلان او آئی سی سی آئی کے غیر معمولی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں شیورون لبریکینٹس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے کنٹری چیئرمین اور جنرل منیجر احمد زاہد ظہیر کو سینئر نائب صدر جبکہ میزان بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید عامر علی کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔

اجلاس میں او آئی سی سی آئی کی نئی انتظامی کمیٹی کا بھی انتخاب عمل میں آیا، جس میں صدر عمر احسن خان، سینئر نائب صدر احمد زاہد ظہیر اور نائب صدر ڈاکٹر سید عامر علی کے علاوہ احسن ظفر سید، امین محمد خواجہ، ارم شاکر رحیم، خرم شہزاد خان، سمیع اے وحید، سید انیس احمد اور سید کاشان حسن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے صدر یوسف حسین نے معاشی استحکام میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صرف معاشی استحکام کافی نہیں بلکہ اسے معاشی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات، پیداواری صلاحیت اور روزگار کے مواقع میں اضافے میں تبدیل کرنا ہوگا۔

نو منتخب صدر عمر احسن خان نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کی پالیسی قابل اعتماد اعداد و شمار اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مرتب کی جائے گی۔ چیمبر کا کردار صرف ان امور کی نشاندہی تک محدود نہیں ہونا چاہیے جہاں بہتری کی ضرورت ہے بلکہ جہاں ممکن ہو وہاں عملی حل بھی پیش کیے جائیں اور حکومت و دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر ان پر عمل درآمد کے لیے کام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 34 فیصد کم ہوکر 1.65 ارب ڈالر رہ گئی۔ معاشی استحکام سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے، تاہم سرمایہ کاری کے فیصلوں کا انحصار مجموعی کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے مواقع پر ہوتا ہے۔نئی انتظامی کمیٹی حکومت، متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کے ساتھ او آئی سی سی آئی کی اعداد و شمار پر مبنی تحقیق کو فروغ دے گی۔ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی، تنوع و شمولیت، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق پلیٹ فارمز پر بھی کام جاری رکھے گی۔