بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام پیٹنٹ رجسٹریشن نظام کے موضوع پر ورکشاپ یکم اکتوبر کو ہوگی

بدھ 30 ستمبر 2026 18:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے دفتر برائے تحقیق، اختراع و تجارتی عملدرآمد کے زیر اہتمام پیٹنٹ کی تیاری، دانشورانہ املاک کے حقوق اور پاکستان میں پیٹنٹ رجسٹریشن نظام کے موضوع پر ورکشاپ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی۔ یونیورسٹی کے تحقیقی و اختراعی فورم کے تحت ورکشاپ صبح ساڑھے 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک انتظامی بلاک کے کونسل ہال میں ہوگی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کا مقصد اساتذہ اور محققین میں پیٹنٹ کی تیاری، دانشورانہ املاک کے حقوق، تحقیقی نتائج کے تحفظ اور انہیں تجارتی بنیادوں پر بروئے کار لانے کے طریقوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ دانشورانہ املاک تنظیم پاکستان سے ڈپٹی ڈائریکٹر حمیرہ شکیل اور سینئر پیٹنٹ ایگزامینر غلام مجتبیٰ بطور ماہرین ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔ ورکشاپ میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین شرکت کر سکیں گے۔