دھان کی فصل کی برداشت اس وقت کریں جب بالائی دانے مکمل پک چکے ہوں،محکمہ زراعت ملتان

بدھ 30 ستمبر 2026 17:43

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) محکمہ زراعت ملتان نے دھان کی فصل بارے سفارشات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکارزرعی زہروں کا محفوظ استعمال یقینی بنائیں۔نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کےتدارک کے لیےصرف سفارش کردہ اورمحفوظ زہریں ہی استعمال کی جائیں جبکہ ممنوعہ زہریں ہرگزاستعمال نہ کریں۔زہروں کےاستعمال اورفصل کی برداشت کےدرمیان وقفہ لازمی مدنظر رکھا جائے تاکہ جنس میں زرعی زہروں کی باقیات قابلِ قبول حد میں رہیں۔

زیادہ موزوں طور پر بہتر نتائج کے لیے حیاتیاتی بنیاد پر تیار کردہ زہریں استعمال کرنا زیادہ مؤثر اور محفوظ ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ دھان کی فصل کی برداشت اس وقت کریں جب بالائی دانے مکمل طور پرپک چکے ہوں اور نچلے دو تا تین دانے بھر چکے ہوں مگر ہلکے سبز ہوں۔

(جاری ہے)

اس مرحلے پر دانوں میں نمی کا تناسب 20 تا 22 فیصد ہونا چاہیے۔

برداشت کے لیے ترجیحا ً رائس ہارویسٹر(کبوٹا)مشین استعمال کریں،تاہم اگردستیاب نہ ہوتوکمبائن ہارویسٹرمیں مناسب ایڈجسٹمنٹ کرکےاستعمال کریں تاکہ دانے ٹوٹنے سے بچ سکیں اور پیداوار و معیار متاثر نہ ہو۔ کٹائی کا عمل شبنم ختم ہونے کے بعد شروع کریں۔ برداشت کے بعد مونجی کو بڑے ڈھیروں میں جمع نہ کریں کیونکہ اس سے ایفلا ٹاکسن لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو چاول کے معیار، قیمت اور قبولیت پر منفی اثر ڈالتا ہے۔

مونجی کو اچھی طرح خشک کر کے محفوظ کریں اور ذخیرہ کرتے وقت نمی کا تناسب 12 تا 13 فیصد سے زیادہ نہ ہونے دیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کے کاشتکاروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت فصل کی باقیات کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ فصل کی باقیات کو جلانے سے زمین میں موجود نامیاتی مادہ اور مفید جاندار ختم ہو جاتے ہیں جبکہ اس کی باقیات سے اٹھنے والا دھواں فضائی آلودگی اورسموگ کا باعث بنتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اس ضمن میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :