صوبائی حکومت کو احتجاجی سیاست کے بجائےمعاشی بہتری اور بنیادی مسائل کے حل پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے، سکندرشیرپاؤ

جمعرات 1 اکتوبر 2026 19:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہےکہ صوبائی حکومت کو احتجاجی سیاست کے بجائے عوام کے تحفظ، امن و امان، معاشی بہتری اور بنیادی مسائل کے حل پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے، خیبر پختونخوا کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی، بدامنی، مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے مسائل سے دوچار ہیں مگر صوبائی حکومت عوام کو ریلیف اور تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تنگی کے یونین کونسل حصارہ نہری میں قومی وطن پارٹی کے رہنماء مرحوم اجمل خان کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع چارسدہ کے پارٹی ذمہ داران، مرحوم کے فرزند اور وطن پال سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما مجاہد حسین سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔سکندر شیرپاؤ نے مرحوم اجمل خان کی قومی وطن پارٹی اور علاقہ کیلئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم اجمل خان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

صوبے میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتیں اور شہریوں میں پھیلتا ہوا خوف انتہائی تشویشناک ہے، بدامنی کے باعث نہ صرف عوام کی جان و مال غیر محفوظ ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں، تعلیم، روزگار اور معمولات زندگی شدید متاثر ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکمرانوں کو اس لئے منتخب کیا ہے کہ انہیں امن و تحفظ، روزگار، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات اور باعزت زندگی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے نہ کہ انہیں مسلسل بحرانوں، مہنگائی اوراحتجاجی سیاست جیسے غیر یقینی صورتحال کی نظر کردیا جائے۔