قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل تیسرے دن بھرپور ٹریننگ، ٹیم انتظامیہ تجربہ کار یونس خان کو آرام دینے اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کھلانے پر غور ،مسلسل دو میچز میں تین سو سے زائد رنز دینے والے بولنگ اٹیک کو مضبوط کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی،۔ ناصر جمشید کو ایک اور چانس مل سکتا ہے، سرفراز احمد اپنی اصل پوزیشن چھٹے نمبر پر کھیلیں گے، پاکستان کو کوارٹر فائنل تک پیش قدمی کرنے کے لیے اگلے چاروں میچ جیتنا لازمی ہیں۔ اس مرحلے پر ٹیم مزید ہار کی متحمل نہیں ہوسکتی

ہفتہ 28 فروری 2015 08:39

برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2015ء)قومی کرکٹ ٹیم نے اتوار کو زمبابوے سے ورلڈ کپ میچ کی تیاری کے لیے مسلسل تیسرے دن بھرپور ٹریننگ کی۔ ٹیم انتظامیہ تجربہ کار یونس خان کو آرام دینے اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کھلانے پر غور کر رہی ہے۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ٹیم نے مسلسل تیسرے دن چار چار گھنٹے کا طویل پریکٹس سیشن کیا ہے۔

ٹیم انتظامیہ اتوار کو زمبابوے کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو خراب فارم کی وجہ سے آرام دیے جانے کا امکان ہے۔ ان کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو مل سکتی ہے۔مسلسل دو میچز میں تین سو سے زائد رنز دینے والے بولنگ اٹیک کو مضبوط کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک بیٹسمین کو کم کر کے یاسر شاہ کو کھلایا جاسکتا ہے۔

ناصر جمشید کو ایک اور چانس مل سکتا ہے۔ سرفراز احمد اپنی اصل پوزیشن چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ ٹیم انتظامیہ یونس خان کو آرام دینا چاہتی ہے تاکہ ان کا اعتماد بحال ہوسکے۔ جمعرات کو پریکٹس سیشن میں وکٹ کیپر سرفراز احمد ایکشن میں دکھائی دیے۔ گذشتہ دو میچوں میں وکٹ کیپنگ کرنے والے عمر اکمل نے گلوز نہیں پہنے۔ وہ فیلڈنگ پریکٹس میں مصروف نظر آئے ۔

پاکستان کی کوشش ہے کہ اپنے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی مدد سے زمبابوے کے خلاف بھرپور پلاننگ کی جائے۔ پاکستان کو کوارٹر فائنل تک پیش قدمی کرنے کے لیے اگلے چاروں میچ جیتنا لازمی ہیں۔ اس مرحلے پر ٹیم مزید ہار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ ابتدائی تین دن کی سخت، مشکل اور تھکا دینے والی ٹریننگ کے بعد اگلے دو دن پاکستانی ٹیم کا سیشن ہلکا ہوگا تاکہ کھلاڑی میچ کے لیے ذہنی اور جسمانی تھکن کا شکار نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :