الیکشن ٹربیونل نے این اے 125کے تین پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرلیا

جمعرات 19 مارچ 2015 09:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء) الیکشن ٹربیونل نے لاہور سے قومی اسمبلی حلقہ این اے 125کے تین پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرلیا۔الیکشن ٹربیونل نے لاہور سے قومی اسمبلی حلقہ حلقہ این اے 125میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور مبینہ دھاند لی کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما حامد خان کی طرف سے دائر درخواست پر الیکشن ٹربیونل نے این اے 125 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ریکارڈ کے معائنہ کا عمل شروع کردیا ابتدائی طور پر 10پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی چھان بین کی جارہی ہے ٹربیونل کے جج نے پہلے روز3پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرلیا ہے جبکہ باقی 7پولنگ اسٹیشنز سے متعلق کاروائی 19مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

اس سے قبل ٹربیونل کے حکم کے باجوود خواجہ سعد رفیق اور حامد خان نے 5،5پولنگ اسٹیشنز کے نمبرز فراہم نہیں کیے جس پرالیکشن ٹربیونل دونوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کے نمبرز فراہم نہ کرنے پر از خود ہی 10پولنگ اسٹیشنز کا انتخاب کرلیا اور گنتی کا عمل شروع کر دیا جس میں 5پولنگ اسٹیشنز سے خواجہ سعدرفیق اور5سے حامد خان کامیاب ہوئے تھے ان میں پولنگ اسٹیشن نمبر،30،32،112،120،151،46،98،193،194،195 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ جبکہ انکے مد مقابل تحریک انصاف کے رہنما حامد خان شکت کھا گئے تھے۔ اس حلقہ سے تحریک انصاف کے رہنماحامد خان نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی اہلیت کو چیلنج کررکھاہے۔ دوسری جانب این اے 122میں دھاندلی کے خلاف کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نادرا حکام نے عدالت سے استدعا کہ کہ این اے 122کے ووٹوں کی تصدیق انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے مکمل کرنے کے لیے مہلت دی جائے عدالت نے نادرا حکام کی درخواست منظور کرتے ہوئے25مارچ تک مہلت دیدی اس حلقہ سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق کی اہلیت کو چیلنج کررکھاہے۔

متعلقہ عنوان :