Angrezi Ka Bhoot - Article No. 2352

Angrezi Ka Bhoot

انگریزی کا بھوت - تحریر نمبر 2352

اگر تمہیں انگریزی کا اتنا ہی شوق ہے تو پوری کہانی انگریزی میں لکھ لو،انگریزی کہانی بھی اگر اچھی ہوئی تو تم انگریزی رسالے میں بھیج سکتی ہو

پیر 12 ستمبر 2022

سیدہ زینب علی
”احمد بہت اچھا چائلڈ تھا،وہ سیونتھ کلاس میں تھا۔احمد بہت اچھی اچھی ہیبٹس کا مالک تھا،اور ہمیشہ فرسٹ آتا تھا۔اس کے پیرنٹس اور سارے ٹیچرز بھی اس سے بہت ہیپی نظر آتے۔“امی جوں جوں کہانی پڑھتی جا رہی تھیں،ان کا جی اپنا سر پیٹنے کو چاہ رہا تھا۔
”کیسی کہانی ہے،امی!“قریب کھڑی فروہ نے بڑے اشتیاق سے پوچھا۔

”اُف فروہ!حد ہے،اردو میں ایسے کہانیاں نہیں لکھتے۔ہمیں جہاں تک ہو سکے اردو کے الفاظ استعمال کرنے چاہیے۔تم نے تو اس میں زبردستی انگریزی گھسا دی ہے،حالانکہ یہ تو بہت عام ہے کہ چائلڈ کے بجائے اردو میں بچہ لکھتے ہیں،اسی طرح ہیبٹس کے بجائے عادات یا عادتیں۔سیون کی جگہ ساتویں یا ہفتم اور پیرنٹس،ٹیچرز،فرسٹ اور ہیپی کی جگہ والدین،اساتذہ،اول اور خوش آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

امی نے ضبط سے کام لیتے ہوئے سمجھایا۔“
”وہ امی،دراصل مجھے آج کل انگریزی سیکھنے کا شوق ہو رہا ہے،اسی لئے میں انگریزی کے الفاظ یوز کرتی ہوں کہ میری انگریزی اچھی ہو جائے اور مجھے انگریزی کے الفاظ بھی یاد ہو جائیں۔“فروہ نے جو یوں اپنی کہانی کا پوسٹ مارٹم ہوتے دیکھا تو گڑبڑا کر وضاحت پیش کی۔فروہ کا بھائی فائز بھی امی کے پیچھے کھڑا ہو کر کہانی پڑھ چکا تھا اور اب اس کی ہنسی فروہ کو چڑا رہی تھی۔

”یوں بولو کہ آج کل تم پہ انگریزی کا بھوت سوار ہے۔“فائز ہنس کر بولا۔فی الحال فروہ نے فائز کو گھورنے پر اکتفا کیا۔
”اگر تمہیں انگریزی کا اتنا ہی شوق ہے تو پوری کہانی انگریزی میں لکھ لو،انگریزی کہانی بھی اگر اچھی ہوئی تو تم انگریزی رسالے میں بھیج سکتی ہو۔“امی نے مشورہ دیا۔
فروہ نے کچھ دیر سوچا،مسکرائی اور بولی:”کہتی تو امی آپ بالکل ٹھیک ہیں۔
“اتنا کہہ کر فروہ اپنے کمرے کی طرف دوڑ گئی۔
کچھ دن بعد فروہ دوڑتی ہوئی امی کے کمرے میں داخل ہوئی تو امی نے پوچھا:”کیا بات ہے فروہ!“
”یہ دیکھیں میری نئی کہانی،وہ بھی پوری انگریزی میں۔“فروہ پرجوش انداز میں بولی:”آپ پڑھ کر بتائیں کیسی ہے؟“
امی نے فروہ سے تین صفحات پر مشتمل کہانی لی اور پڑھنے لگیں،مگر پہلی لائن پڑھتے ہی چکرا گئیں۔
”احمد از ویری گڈ چائلڈ۔“پوری کہانی اردو حروف میں لکھی ہوئی تھی۔یہ کیا ہے فروہ؟وہ چلائیں۔
”امی!،آپ نے ہی تو کہا تھا کہ اگر انگریزی کا اتنا شوق ہے تو پوری کہانی انگریزی لکھو،یہ ہے پوری انگریزی کہانی۔“فروہ فخریہ انداز میں کہہ رہی تھی۔امی نے کہانی پر ایک نگاہ ڈالی۔ان میں ایک لائن سے زیادہ پڑھنے کی ہمت نہ تھی تو پورے تین صفحات کیسے پڑھتی۔کہانی کی لائن پڑھ کر اور پھر فروہ کی وضاحت سن کر بے اختیار امی نے اپنا سر پکڑ لیا۔

Browse More Moral Stories