
Aqal Band Logon Ki Nishaniyan
عقل بند لوگوں کی نشانیاں
پیر 21 جون 2021
کیا آپ کو عقل بند لوگوں کی نشانیاں معلوم ہیں؟اگر نہیں تو ہم بتاتے ہیں۔یہ لوگ حس لطافت سے یکسر محروم ہوتے ہیں۔یہ لطیفہ بھی سنیں تو ہنسنے کے بجائے لطیفے کی صداقت پر سوال اُٹھا دیتے ہیں،مثلاً آپ انھیں اگر وہ ماچس والا لطیفہ سنائیں کہ”ایک استاد نے شاگرد سے پوچھا کہ توانائی کسے کہتے ہیں؟“جواب آیا”جس توے پر نائی بیٹھا ہو“ تو یہ لطیفہ سن کر فوراً سوال داغ دیں گے:”پا جی!کس اسکول کا اُستاد تھا یہ؟“
عقل بند لوگوں کی نشانی یہ ہے کہ یہ ہر وقت بوکھلائے بوکھلائے پھرتے ہیں۔کسی کی آدھی بات سن کر فوراً پورا مطلب نکال لیتے ہیں۔یہ میٹرک میں اس لئے سائنس نہیں لیتے کہ انھیں کونسا سائنسدان بننا ہے،تاہم عملی زندگی میں یہ کورونا وائرس سے لے کر ہوائی جہاز کے حادثے تک کی تکنیکی وجوہ کے بارے میں جانتے ہیں۔
(جاری ہے)
یہ اے ٹی ایم کے باہر کھڑے ہوں تو بار بار شیشے میں سے اندر جھانک کر دیکھتے ہیں اور پھر بُرا سا منہ بنا کر باقی لوگوں سے کہتے ہیں:”پتا نہیں اندر کیا کر رہا ہے؟“یہ دکان سے دو ٹافیاں بھی خریدیں تو ڈبل شاپر کی فرمائش کر دیتے ہیں۔
یہ قل خوانی میں شریک ہوں تو اُسے بھی گٹکیں پڑھنے کا مقابلہ سمجھتے ہیں،لہٰذا سب سے بڑی ڈھیری لگا کر بیٹھ جاتے ہیں۔شادی میں شریک ہوں تو کھانا شروع ہوتے ہی قورمے کی ڈش کے سامنے ہی پلیٹ میں ڈال کر کھانے لگتے ہیں،تاکہ بار بار نہ آنا پڑے۔کھانے کے بعد بوتل کا پہلا گھونٹ لیتے ہی اعلان کر دیتے ہیں:”دو نمبر ہے۔“بازار میں کوئی شخص شوارما کھا رہا ہو تو یہ چپکے سے اُس کے قریب جا کر انکشاف فرماتے ہیں:”پا جی!یہ مری ہوئی مرغیوں کا ہوتا ہے۔“
یہ لوگ ہمیشہ ایسا کاروبار کرنے کا منصوبہ بناتے ہیں،جس کے بارے میں انھیں ککھ پتا نہیں ہوتا۔یہ اپنے بچوں میں بھی اپنی قابلیت منتقل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے،لہٰذا رات کو بڑے فخر سے بتا رہے ہوتے ہیں کہ دجال،برمودا ٹرائی اینگل کے اندر رہتا ہے۔
ان کے گھر کے دروازے پر ماش کی دال گری ہوئی ہو تو ان کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں کہ کالا جادو ہو چکا ہے۔انھیں موبائل پر دس لاکھ کا انعام نکلنے کی خوش خبری سنائی جائے تو یہ فوراً سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ان کے ہمسائے میں اگر کوئی نیا ریفریجریٹر خریدے تو یہ فوراً اُس سے پوچھتے ہیں:”کتنے کا ملا؟“ہمسایہ جو بھی جواب دے،ان کا ایک ہی جواب ہوتا ہے:”مہنگا لے لیا ہے۔“
عقل بند لوگ نہاتے وقت شیمپو،تولیا اور صابن وغیرہ سب چیزیں باہر رکھ کر نہانے چلے جاتے ہیں اور پھر غسل خانے سے آوازیں دے دے کر منگواتے ہیں۔گرمی کے دنوں میں یہ گھر میں داخل ہوں تو سب سے پہلے پسینے سے بھری ہوئی قمیض اُتار کر گھومنے والے پنکھے پر ڈال دیتے ہیں۔موٹر سائیکل چلا رہے ہوں اور اشارہ (سگنل) بند ہو جائے تو فوراً فٹ پاتھ پر موٹر سائیکل چڑھا کر یوٹرن لے لیتے ہیں۔
ان کے تعلقات کم از کم آئی جی تک ہوتے ہیں،تاہم وقت پڑنے پر کوئی کانسٹیبل بھی کام نہیں آتا۔یہ سنجیدہ ترین مباحث میں دلچسپی رکھتے ہیں،مثلاً بیوی نے آخر اپنے سارے زیورات کہاں چھپائے ہوں گے؟تایا رحمت کا بیٹا اتنی آسانی سے یونان کے راستے اٹلی کیسے پہنچ گیا؟ پھوپھی سرداراں نے گھر کا اوپر والا پورشن کن لوگوں کو کرائے پر دیا ہے۔اب آپ عقل بند لوگوں کو اپنے پاس دیکھیں گے تو ان نشانیوں کی مدد سے انھیں فوراً پہچان لیں گے۔
Your Thoughts and Comments
مزید مزاحیہ اردو ادب سے متعلق
-
چچا چھکن نے سب کے لئے کیلے خریدے
-
جس روز چچا چھکن کی عینک کھو گئی تھی
-
چچا چھکن نے ردّی نکالی
-
چچا چھکن نے ایک خط لکھا
-
چچا چھکن نے تیمارداری کی
-
چچا چھکن نے ایک بات سُنی
-
چچا چھکن نے دھوبن کو کپڑے دیئے
-
چچا چھکن نوچندی دیکھنے چلے
-
سردی کی گرما گرمی
-
بھرتی کا خشکی کا راستہ
-
تعلیمی نظام سے معافی مانگیں
-
چور چوری سے نہ جائے فیشن سے جائے
-
سیاست اور علامہ اقبال
-
سیاستدانوں کی خرمستیاں
-
آوارہ گردی اور بے روزگاری
Articles and Information
مزاحیہ اردو ادبمزاحیہ کالممزاحیہ اردو لطیفےپیری مریدی مزاحیہ کہانیاںمیاں بیویموبائل کی مزاحیہ کہانیاںمزاحیہ شاعریپسندیدہ ترینUrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2022, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.