بھکر،ضلع میں بصارت سے محروم افراد کے مسائل کے حل کیلئے ہر ماہ کھلی کچہری منعقدکی جائے گی،ڈپٹی کمشنر وقاص رشید

جمعرات 25 اکتوبر 2018 22:57

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا ہے کہ ضلع میں بصارت سے محروم افراد کے مسائل کے حل کیلئے ہر ماہ کھلی کچہری منعقدکی جائے گی جس میں سرکاری محکموں کے افسران بھی شرکت کریں گے تاکہ کھلی کچہری میں نابینا افراد کی طرف سے پیش کئے جانیوالے مسائل کا موقع پر حل یقینی بنا یا جاسکے ۔علاوہ ازیں نابینا افراد ڈی سی آفس کے شکایات سیل میں ٹیلی فون نمبر 0453.9200082 پربھی اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ شکایات سیل میں موبائل فون کی سہولت بھی جلد فراہم کردی جائے گی ۔انہوں نے یہ بات یوم تحفظ سفید چھڑی کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا انعقاد پاکستان بلائنڈز ایسوسی ایشن ضلع بھکر اور سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے کیاگیا تھا ۔

(جاری ہے)

سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات بلوچ ،سوشل ویلفیئر افسران ظفر اقبال کھارا اور محمد ابوبکر ،سپرنٹنڈنٹ دارالامان عاصمہ کریم ،مینجر صنعت زار طاہرہ سعادت ،میڈیکل سوشل آفیسر ڈی ایچ کیو ہسپتال نسیم اختر ،پاکستان بلائنڈز ایسوسی ایشن ضلع بھکر کے صدر ظفر اقبال اور دیگر عہدیداران و اراکین ،سپیشل ایجوکیشن سینٹر کے فوکل پرسن عرفان عارف ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال رانا عطا اللہ نے شرکت کی ۔

جبکہ سیمینار میں ڈاکٹرمحمد اکرم عزیز نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض سر انجام دئے ۔ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہاکہ بصارت سے محروم اور دیگر خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی اور فلاح و بہبود کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کررہی ہے جن کے ثمرات وہ خود محسوس کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ نابینا ودیگر خصوصی افراد کے لئے فلاحی امور کی انجام دہی کیلئے مختلف شعبوں میں سب کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں ووکیشنل ٹریننگ کی سب کمیٹی بھی شامل ہے تاکہ خصوصی افراد ووکیشنل ٹریننگ کے اداروں سے ہنر مند بن کر خودروزگار ی کے قابل ہوسکیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے نابینا افراد کیلئے کھیلوں کے زریعے صحت مندانہ سرگرمیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے سپورٹس ایوینٹس کے انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ خصوصی بچوں کیلئے معیاری تفریحی سہولیات سے آراستہ پارک بنایا جائے گا جس کیلئے ترجیحی بنیاد پر جگہ مختص کی جائے گی ۔سیمینار سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات بلوچ،سوشل ویلفیئر آفیسر ظفر اقبال کھارا و دیگر افسران اور پاکستان بلائنڈز ایسوسی ایشن ضلع بھکر کے صدر ظفر اقبال و دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور یوم تحفظ سفید چھڑی منانے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔

انہوںنے کہاکہ نابینا افراد کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں اور انکی بدولت نابینا افراد میں خود اعتمادی کا جذبہ مزید مستحکم ہوگا ۔سیمینارکے آخرمیں ڈپٹی کمشنر وقاص رشیدنے نابینا افراد میں سفید چھڑیاں تقسیم کیں ۔سیمینار سے قبل یوم تحفظ سفید چھڑی کے سلسلہ میں ایک واک بھی منعقد کی گئی جس کی قیادت اے ڈی سی آر عابد حسین بھٹی نے کی ۔یہ واک محمدی چوک سے شروع ہوکر میونسپل کمیٹی کے دفتر میں اختتام پذیر ہوئی ۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں