ڈی سی ساہیوال کی رشوت ستانی کیخلاف بڑی کارروائی،موٹر وہیکل ایگزامینرکے دفتر پر خصوصی ٹیم کا چھاپہ

ایم وی ای الفت رسول ،ایک ٹائوٹ گرفتار،ایک لاکھ روپے سے زائد کی ٹکٹیں و رشوت وصولی کے 46 ہزار روپے برآمد

منگل 16 اکتوبر 2018 18:29

چیچہ وطنی۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنرساہیوال محمد زمان وٹو کی رشوت ستانی کیخلاف بڑی کارروائی، مسلسل عوامی شکایات پر موٹر وہیکل ایگزامینرکے دفتر پر چھاپے کیلئے خصوصی ٹیم کی تشکیل، ایم وی ای الفت رسول سمیت دفتر میں موجود ایک ٹائوٹ گرفتار، تفصیلات کے مطابق رشوت ستانی کی مسلسل عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی، جس نے چھاپہ مار کر دفتر میں موجود ایک ٹائوٹ انعام اللہ خاں سکنہ چک نمبر 90 نو ایل کے قبضے سے ایک لاکھ 65 ہزار روپے کی ٹکٹیں اور رشوت وصولی کے 46 ہزار روپے برآمد کر کے MPO13 کے تحت گرفتار کر لیا، ایم وی ای نے ٹائوٹ کو اپنے دفتر میں ایک کمرہ بھی الاٹ کیا ہوا تھا، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو کی ہدایت پر مقدمہ درج کر کے ایم وی ای الفت رسول اور چوکیدار عمران نذیر کو MPO 14 کے تحت گرفتار کر لیا تاہم دفتر کا کلرک رشوت کی رقم سمیت فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں، شہر کے سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو کے اقدام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور رشوت ستانی میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی استدعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں