کاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے گندم سمیت دیگر فصلات ربیع کا سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی ہدایت

ہفتہ 14 ستمبر 2019 15:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے گندم سمیت دیگر فصلات ربیع کا سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ماہرین نے کہاہے کہ کاشتکار ترقی دادہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج تمام شہروں میں قائم پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپوؤں اور ڈیلرز سے حاصل کریں کیونکہ کارپوریشن نے فصلات ربیع کا بیج وافر مقدار میں فراہم کردیا ہے اور اس بیج کے استعمال سے بیماریوں سے پاک پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے تاہم کاشتکار اچھی شہرت کی حامل پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کی طرف سے سپلائی کردہ بیج بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ حکومت نے تمام شہروں میں سیڈ گریڈرز کی سہولیات مہیا کررکھی ہیں جہاں سے سیڈ گریڈنگ کے بعد بیج کو کاشت کیا جاسکتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ 20نومبر تک گندم کی بوائی کیلئے بیج کی شرح 50کلو گرام فی ایکڑ اور 21 نومبر سے 15 دسمبر تک 60کلو گرام فی ایکڑ ہونی چاہیے ۔ انہوںنے مزید بتایاکہ گندم کی اقسام چکوال 50، لاثانی 2008، آری2011، فیصل آباد 2008 وغیرہ زیادہ شگوفے بناتی ہیں اس لئے ان کی بروقت کاشت کی صورت میں مناسب وتر کے باعث بیج کی مقدار کو 5کلو گرام فی ایکڑ تک کم بھی کیاجا سکتاہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں