موسمی حالات کے پیش نظر کاشتکار گندم کی مشینی برداشت کو ترجیح دیں، ڈائریکٹرزراعت

منگل 23 اپریل 2024 13:09

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ موسمی حالات کے پیش نظر کاشتکار گندم کی مشینی برداشت کو ترجیح دیں تاکہ کھیتوں سے جلد گندم اٹھاناممکن ہوسکے۔’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر گندم کی ہاتھ سے کٹائی اور تھریشر سے گہائی کا خرچہ تقریباً11200 روپے ہے،اسی طرح برش کٹر سے گندم کی کٹائی اور تھریشر سے گہائی بھی کم خرچ ہے کیونکہ جو برش کٹر گندم کی کٹائی کیلئے استعمال کیا جا تا ہے اس کی کارکردگی 0.2 ایکڑ فی گھنٹہ ہے اور اسے 50 سی سی انجن سے چلایا جا تا ہے جس کی اوسط قیمت 20000 روپے ہے اس طرح گندم کی ہاتھ سے کٹائی کی نسبت یہ نہایت آسان اور کم وقت میں زیادہ رقبہ کی کٹائی کرسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریپرسے کٹائی اور تھریشر سے گہائی بھی سستی پڑتی ہے اور اس پر تقریباً8400 روپے فی ایکڑ خرچہ آتا ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ ٹریکٹر کے آگے منسلک ہونیوالے ریپر، واک آفٹر ریپر، رائیڈ ٹائپ ریپر، ٹریکٹر کے پیچھے منسلک ہونیوالے کٹر وبائینڈر،کمبائن ہارویسٹر، ویٹ سٹرا چاپر بلور اور اسی قسم کے دیگر زرعی آلات سے بھی کم وقت اور کم خرچ میں بہترین نتائج حاصل کئے اور فصل کی بروقت کٹائی و گہائی کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی کٹائی اور اس کی سنبھال ایک اہم قومی فریضہ ہے اسلئے کاشتکار گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے اور نمی کا تناسب 10 تا 12 فیصد ہونے پر کریں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کٹائی سے پہلے موسم کی پیشین گوئی کو توجہ سے سنیں اور اسکے مطابق کٹائی وگہائی کا بندوبست کریں،اگر بارش کا خطرہ ہو تو کٹائی کے بعد بھریاں چھوٹی باندھیں اور کھلواڑہ لگاتے وقت سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اپنی فصل کی سنبھال اور ذخیرہ کا بھر پور انتظام کریں تا کہ ہر ایک دانہ جو کاشتکارنے سخت محنت سے پیدا کیا ہے بالکل ضائع نہ ہو اوروہ کاشتکارکی خوشحالی اور خوش بختی کے ساتھ ساتھ قوم و ملک کی معاشی خوشحالی کا ذریعہ بھی بنے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں