پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے بجلی کے اخراجات میں کمی ہوگی،ترجمان محکمہ زراعت

منگل 14 مئی 2024 14:15

پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے بجلی کے اخراجات میں کمی ہوگی،ترجمان محکمہ زراعت
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) چیف منسٹرز ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کے تحت صوبہ بھر میں بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ پر12 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے بجلی کے اخراجات میں زبردست کمی واقع ہوگی۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے محکمہ توانائی، آبپاشی اور شعبہ اصلاح آبپاشی و زراعت توسیع فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے محکمہ زراعت توسیع فصلوں کی کاشت کا ڈیٹااور محکمہ آبپاشی زیر زمین پانی کی گہرائی بارے معلومات فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زیادہ گہرائی میں پانی کی دستیابی والے اضلاع کو سکیم میں شامل نہیں کیا جائے گابلکہ صرف آبپاشی کیلئے موزوں پانی کے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ اصلاح آبپاشی شمسی توانائی پر منتقل ہونیوالے ٹیوب ویلز سے سیراب ہونیوالی زمینوں کی لیزر لینڈ لیولنگ کرائے گاجبکہ محکمہ توانائی سولر سسٹم فراہم کرنیوالی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن کرے گاجس کے تحت اچھی ٹیکنیکل اور فنانشل شہرت کی حامل کمپنیوں کو سکیم کیلئے منتخب کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت قرعہ اندازی کیلئے درخواستوں کی وصولی کرے گا اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکاروں کی حتمی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں