پاکستان اس وقت ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائدکی سویابین درآمد کر رہا ہے،ڈاکٹر اقراراحمدخان

جمعرات 16 مئی 2024 13:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ پاکستان اس وقت ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائدکی سویابین درآمد کر رہا ہے جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی تیارکردہ سویا بین کی بمپر کراپ فراہم کرنے کی صلاحیت کی حامل اقسام کی ایک ملین ایکڑرقبہ پرکاشت کئے جانے کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ اسے عام کاشتکار تک پہنچا کر نہ صرف اس بحران پر قابو پایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی خوشحالی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اے پی پی کو بتایا کہ مکئی کی طرز پر باقی فصلات میں بھی جدت لائی جائے تو اس سے نہ صرف غذائی ضروریات کے اہداف پورے کئے جا سکتے ہیں بلکہ زراعت کو منافع بخش بھی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور رفحان میظ کے مابین زرعی میدان میں روابط کو بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت رفحان ملز زرعی یونیورسٹی کے طلباکو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ مکئی کا کاشتکار زیادہ پیداوار کی وجہ سے خوشحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گندم اور مکئی کے آٹے کی آمیزش سے چپاتی تیار کی جائے تو اس سے غذائیت کے بحران پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکئی کی جدید پراڈکٹس کو تیار کر کے اسے مارکیٹ تک پہنچانے کیلئے بھی کاوشیں عمل میں لائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اکیڈیمیا انڈسٹری تعلقات کو فروغ دیکر انڈسٹری کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ جدت بھی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں