محکمہ زراعت کا کپاس کے مرکزی علاقہ جات میں کاشتکاروں کو غیر بی ٹی اقسام کی کاشت 31 مئی تک مکمل کرنے کا مشورہ

پیر 27 مئی 2024 14:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2024ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کپاس کے مرکزی علاقہ جات میں غیر بی ٹی اقسام کی کاشت 31 مئی تک مکمل کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ مرکزی علاقہ جات کے کپاس کے کاشتکار پٹڑیوں پر کاشت کاعمل مکمل کریں اورہموار زمینوں پر قطاروں میں کاشت کی صورت میں پہلی آبپاشی کے بعد پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن میں مٹی چڑھاتے ہوئے پٹڑیاں بنا دیں نیز چھدرائی بھی پہلی آبپاشی سے قبل مکمل کر لی جائے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ مرکزی علاقہ جات میں کپاس کے پودے کا پودے سے فاصلہ 6 سے9 انچ جبکہ ثانوی علاقہ جات میں پودے کا پودے سے فاصلہ 9 سے 12 انچ رکھاجائے۔ انہوں نے کہاکہ قطاروں میں کاشت کی صورت میں پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے35 روز بعد جبکہ باقی آبپاشیاں 12 سے 15 روز کے وقفہ سے کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں بوائی کے بعد پہلا پانی 2 سے 4 روز بعد اور دوسرا پانی 6 سے 9 روز کے بعد دینا چاہیے تاہم بقیہ پانی کیلئے وقفہ 15 دن کردیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پودے کو پانی کی کمی نہیں آنے دینی چاہیے اور اگر پانی کی کمی کی علامت ظاہر ہو تو فوری آبپاشی کردینی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں