ضلع میں بھٹہ مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنرفیصل آباد

پیر 22 اکتوبر 2018 23:57

فیصل آباد ۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے ہدایت کی ہے ضلع میں بھٹہ خشت ورکرز کے مقررہ اجرت‘سوشل سیکیورٹی کارڈز سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ بھٹہ مالکان کو مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی کے لئے متحرک کریں۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ویجیلینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین نائچ‘ڈائریکٹرزلیبرغلام عباس چیمہ,ملک منور اعوان,ڈائریکٹرز سوشل سیکورٹی‘ دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ مزدور رہنما اسلم وفا‘بابا لطیف انصاری‘ڈویژنل صدر بھٹہ ایسوسی ایشن حاجی عبدالسلام اور دیگر مالکان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ مزدوروں کے مطالبات کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ لیبر سے کہا کہ مقررہ اجرت ادا نہ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے سوشل سیکیورٹی افسران سے واجبات کی وصولی‘اب تک جاری شدہ اور زیر التواء کارڈزکے امور سے متعلق تمام اعدادوشمار کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ کارڈز کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔انہوں نے بھٹہ ورکرز کی طرف سے ان کے بچوں کو سکولوں میں داخلہ پر بیگز‘ کتابیں ودیگر مراعات نہ ملنے کی شکایت پر سی ای او ایجوکیشن کو مفصل رپورٹ فراہم کرنے کی تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے دوطرفہ مفادات کا خیال رکھا جائے گا اس سلسلے میں کسی سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم مالکان لیبر قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ بھٹہ خشت انڈسٹری کے معاملات خوش اسلوبی سے چلتے رہیں۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر لیبر نے محکمانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بھٹہ مالکان اور مزدوروں نے اجرت سے متعلق مسائل کے بارے میں اپنا موقف پیش کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں