سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں،مقررین

جمعہ 23 اکتوبر 2020 21:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پرانسدادسموگ اقدامات کے تحت محکمہ ماحولیات اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اشتراک سے گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول نمبر1 جڑانوالہ میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔محکمہ تعلیم کی افسران،ہیڈ ٹیچر،اساتذہ،دیگر سٹاف اور طالبات نے شرکت کی۔مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کی ممکنہ صورت میں اس کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اہلخانہ کے علاوہ محلے داروں اور اردگرد کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور خشک مٹی والی جگہ پر پانی کا چھڑکاؤ کریں۔انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام سموگ سے بچاؤ کے لئے آگاہی پروگرامزکا سلسلہ جاری ہے۔سیمینار سے محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے بھی خطاب کیاجبکہ طالبات نے مختلف ٹیبلوزاورتقریری مقابلوں کے ذریعے سموگ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد کو اجاگر کیاجن میں حوصلہ افزائی انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں