فیصل آباد،حکومت پنجاب نے سموگ کے خدشات کے پیش نظر فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ‘فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد کردی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2021ء) حکومت پنجاب نے سموگ کے خدشات کے پیش نظر فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ‘فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد کردی جبکہ پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹہ خشت اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات میں صوبہ بھرکے ڈائریکٹرز‘ڈپٹی ڈائریکٹرزاور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو کہاگیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سموگ کے خدشہ کے پیش نظر فوری طور پر فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں۔

پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹہ خشت ‘ فیکٹریوں، ملوں سے نکلنے والے دھواں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں جبکہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے بارے شعور بیدار کیا جائے اور دیہاتوں میں جا کر کسانوں، کاشتکاروں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی بجائے دیگر ذرائع سے تلف کریں۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کروانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ہفتہ وار رپورٹ ڈی جی ماحولیات کو بھجوائی جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں