تشدد کے واقعات پر سی پی او فیصل آباد کا نوٹس، بچے پر تشدد کرنیوالا قاری گرفتار ، تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کو بازیاب کرکے شوہر کو گرفتار

جمعہ 19 اپریل 2024 23:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) تشدد کے واقعات پر سی پی او فیصل آباد کا نوٹس، بچے پر تشدد کرنیوالا قاری گرفتار ، تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کو بازیاب کرکے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر تشدد کے دو مختلف واقعات کی وڈیوز وائرل ہونے پر سی پی او فیصل آباد سٹی پولیس افیسر محمد علی ضیاء نے واقعات کا نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتار کے احکامات جاری کئے۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرکے قاری تنویر اور خاتون کے شوہر قاسم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ۔ ترجمان شاہد ملک نے بتایا کہ تھانہ صدر جڑانوالہ کی حدود ستیانہ بنگلہ میں میں تنویر نامی قاری نے بچے سبحان کو سبق یاد نہ کرنے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ میں تحفظ مرکز اور تھانہ ملت ٹاؤن کی ٹیموں نے کامیاب کارروائی کرکے صغراں نامی خاتون کو بازیاب کروایا اور اس کے شوہر قاسم کو گرفتار کرلیا۔

خاتون نے بازیابی کے بعد بتایا کہ تشدد کی ویڈیو پڑوسن سے بنوا کر پولیس کو بھجوائی۔شوہر بدچلنی کے شبہ پر تشدد کیا کرتا تھا۔ شوہر نے دوسری شادی بھی کر رکھی ہے۔ گھروں میں کام کاج کرکے گزر بسر کرتی ہوں۔ شوہر قاسم اولاد نہ ہونے کےطعنے بھی دیتا رہا ہے۔سی پی او نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ عورتوں اور بچوں پر تشدد ہرگز قبول نہیں۔ بچوں کا تحفظ اور عورتوں کی عزت و عفت کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔ تشدد کرنیوالے افراد کو قطعاً رعایت نہیں دی جائےگی ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں