ایف ڈی اے نے مختلف علاقوں میں 6 ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی قیام کی کوشش ناکام بنا دی

بدھ 24 اپریل 2024 22:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف تسلسل کیساتھ کریک ڈاؤن جاری ہے ،اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 6 ہاؤسنگ سکیموں /اضافی آبادیوں کے غیر قانونی قیام کی کوشش ناکام بنادی، ان غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں / اضافی آبادیوں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے دفاتر کوسیل کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق سٹیٹ آفیسر انیب اسلم کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو چک نمبر51ج ب کی اراضی پر سندر ٹاؤن اور احمد ٹاؤن کے نام سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں جبکہ چک نمبر2 ج ب سرگودھا روڈ میں دو اضافی آبادیاں،چک نمبر 6 اور چک 43 ج ب میں اضافی آبادیوں کے قیام کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کے غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سربمہر کردیا تاکہ عوام الناس کو ان کی دھو کہ دہی سے بچایا جاسکے، ان غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں /اضافی آبادیوں کے ڈویلپرز کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ قانون شکنی سے گریز کریں اور رہائشی سکیم کے قیام سے قبل تمام تر قانونی تقاضے اور محکمانہ شرائط پورا کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فو جد ا ر ی مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیاگیاہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم یا اضافی آبادی میں پلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کی ضرور چھان بین کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل اور پریشان کا سامنا نہ کرناپڑے ،اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں