فیصل آباد ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کلینک آن وہیل پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا

پیر 13 مئی 2024 22:42

فیصل آباد ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کلینک آن وہیل پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) فیصل آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ پروگرام ''کلینک آن وہیل پراجیکٹ'' کا افتتاح کردیاگیا جس کے تحت شہرکے دوردراز علاقوں کی 76یونین کونسلز میں 11 وہیکلز کے ذریعے ساڑھے 4 لاکھ آبادی کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب ہونگی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے سی پی اوکامران عادل،ارکان اسمبلی چوہدری شہباز بابر،راؤ کاشف رحیم،ظفراقبال ناگرہ،خان بہادر ڈوگر کے ہمراہ ڈی سی آفس میں کلینک آن وہیل کا معائنہ کیا اورکلینک آن ویل میں ادویات،طبی سہولیات کا جائزہ اور سٹاف سے بات چیت کی۔

ڈپٹی کمشنر اور ارکان اسمبلی نے کلینک آن وہیل الٹرا ساؤنڈ وین کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ سیمی اربن کے رہائشیوں کیلئے11کلینک آن وہیلز قائم کئے گئے ہیں جن میں دوالٹراساؤنڈ وہیلزمیں ڈاکٹر، ایل ایچ وی اور ویکسینیٹر کا سٹاف ہوگاجو مقررہ شیڈول کے مطابق مفت ادویات اور الٹراساؤنڈ کی سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی اپ گریڈیشن بھی ہوگی اور رورل ایریاز میں بھی سہولت پہنچائیں گے۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ صحت کی سہولت عوام کی دہلیز تک لے کر جا رہے ہیں جووزیر اعلیٰ مریم نواز کا انقلابی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک گاڑی نہیں بلکہ پورا کلینک ہے جس کو عوام کی دہلیز پر کھڑا کریں گے۔کلینک آن وہیلز پروگرام اس لیے شروع کیا تاکہ چھوٹی موٹی بیماریوں کے لئے غریب کو ہسپتال نہ جانا پڑے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار نے بتایا کہ کلینک آن وہیلز میں میڈیکل ٹیسٹ،فری ادویات اور سکریننگ کی سہولت موجود ہوگی۔

کلینک آن وہیلز میں ویکسی نیشن اورزچہ بچہ کے علاج کی سہولیات،ملیریا، شوگر اور بچوں کے علاج کی سہولت بھی موجود ہوگی۔کلینک آن وہیلز شہروں کے ارد گرد ان علاقوں میں موجود ہوں گے جہاں صحت کی سہولیات میسر نہیں اور لوگوں کو دور جانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہفتے میں چھ دن صبح نو سے تین بجے تک کلینک آن وہیلز لوگوں کی دہلیز پر جا کر علاج مہیا کرے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں